نیب ملزم کو 20 سال بعد بھی 20 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا‘جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں قانون کے مطابق قید بھی بھگتنا ہوگی
لاہور (آئی این پی)لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے نیب مقدمے میں سزا پوری ہونے کے باوجود جرمانے کی ادائیگی سے چھوٹ نہیں مل سکتی، ملزم کو 20 سال بعد بھی 20 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔چیف جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس امجد پرویز پر مشتمل بینچ نے مہر باقر کی درخواست خارج کرتے ہوئے تحریری فیصلہ جاری کردیا،عدالت نے قرار دیا قید کی سزا پوری ہونے سے جرمانے کی ادائیگی کی ذمہ داری ختم نہیں ہوتی،نیب آرڈیننس کے تحت جرمانہ کسی بھی وقت وصول کیا جاسکتا ہے۔ عدالت کے مطابق نیب کے جرمانے کی وصولی پرچھ سال کی پابندی لاگو نہیں ہوتی اورجرمانے کی رقم سرکاری واجبات کی طرح وصول کی جاسکتی ہے،جرمانہ ادا نہ کرنیکی صورت میں قانون کے مطابق قید بھی بھگتنا ہوگی۔ لاہور ہائیکورٹ نے متعلقہ محکمے کوتین ماہ کے اندر 20 لاکھ روپے جرمانے کی وصولی کے لیے قانونی اقدامات کرنے کا حکم بھی دیا۔