اس سال ملک میں شدید سردی کا امکان نہیں:محکمہ موسمیات

اس سال ملک میں شدید سردی کا امکان نہیں:محکمہ موسمیات

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے رواں سال موسم سرما میں شدید سردی کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سال معمول سے گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

 ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر کے مطابق، نومبر، دسمبر اور جنوری میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، جس کی وجہ سے شمالی علاقوں میں بھی درجہ حرارت زیادہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اس سال بارشیں معمول سے کم ہوں گی، لیکن جنوری کے آخر میں بارش کا امکان موجود ہے۔ کم بارشیں ہونے سے پنجاب اور بالائی سندھ میں اسموگ کی شدت بڑھ سکتی ہے، جس کے باعث فضائی معیار متاثر رہ سکتا ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ بحیرہ عرب میں ایک ڈپریشن موجود ہے، جو کراچی سے 1800 کلومیٹر دور ہے اور اس کا پاکستان کے ساحلی علاقوں پر کوئی اثر نہیں ہے۔ اسی طرح، مڈغاسکر کے قریب ایک سمندری طوفان بھی موجود ہے، مگر اس کے باعث بحیرہ عرب میں طوفان کی شدت میں اضافہ کا امکان نہیں ہے۔یہ پیشگوئی موسمیاتی تبدیلیوں اور موجودہ سمندری حالات کے پیش نظر کی گئی ہے تاکہ عوام کو موسم کی صورتحال کے بارے میں آگاہی فراہم کی جا سکے۔