عمران نے کابینہ تشکیل کی ہدایات دیں ، سلمان اکرم پارٹی تک پہنچائیں گے:فیصل
بانی کا پیغام لانے پر ہمارے لئے سزا ،روز وارنٹ نکل رہے :علیمہ خان ، میڈیاگفتگو
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ )پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں مختصر کابینہ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پوری کابینہ کی توسیع کیلئے ملاقات ہونے پر بانی سے اجازت لی جائے گی۔ وفاق کی جانب سے کے پی حکومت کو دی گئی گاڑیاں یو این کے زیر استعمال تھیں ،وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے بہترین گاڑیاں فراہم کرے۔بیرسٹر گوہر خان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا بانی پی ٹی آئی سے ملنا ضروری ہے،امید تو یہی ہے ہائیکورٹ کی اجازت سے وزیر اعلی ٰکی ملاقات ہوجائے گی، اگر ملاقات نہیں ہوتی تو صوبے کو کابینہ کے بغیر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ پی ٹی آئی ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف ہے۔ ضروری ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کیا جائے۔ بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وکیل فیصل ملک نے کہا کہ بانی کو بنیادی جیل سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے، جیل مینوئل کے مطابق سہولتیں میسر نہیں، قانونی ٹیم جلد اس حوالے سے عدالت سے رجوع کرے گی۔ بانی نے کے پی کابینہ تشکیل کیلئے ہدایات دی ہیں جنہیں سلمان اکرم راجہ پارٹی تک پہنچائیں گے۔ علیمہ خان کو بھی ملاقات سے روکا گیا جبکہ باقی کی دو بہنوں کی ملاقات کرائی گئی۔اڈیالہ جیل کے قریب فیکٹری ناکہ پر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام لانے پر ہمارے لئے سزا ہے، روز وارنٹ گرفتاری نکل رہے ہیں، پیغام دینے کی سزا صرف میں نہیں آپ سب بھی کاٹیں گے۔ اگر میں جیل چلی جاؤں تو ہمیں اور ٹیم کو تیار رہنا چا ہئے اس لئے فیصلہ کر رہے ہیں کہ کس کو کیا کرنا ہے ،جس قیدی نے ہائیکورٹ میں پٹیشن کی کہ اسے بانی کی طرح سہولیات دی جائیں، اسے اگر یہ سہولیات دے دیں تو وہ روئے گا۔