سلال ڈیم سے پانی کا اخراج، سیالکوٹ اور وزیر آباد میں سیلابی الرٹ جاری

سلال ڈیم سے پانی کا اخراج، سیالکوٹ اور وزیر آباد میں سیلابی الرٹ جاری

محکمۂ ایریگیشن پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے گئے ہیں، جس کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

محکمۂ ایریگیشن پنجاب کے مطابق سلال ڈیم سے پانی کے اخراج کے بعد دریائے چناب کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پیش نظر سیالکوٹ اور وزیر آباد کے علاقوں میں سیلابی صورتحال کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر وزیر آباد جواد پیرزادہ نے بتایا کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ممکنہ طور پر بڑا سیلابی ریلا دریائے چناب میں وزیر آباد کے مقام پر پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے بڑے سیلاب کے خدشے سے آگاہ کیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔حکام کے مطابق دریائے چناب کے نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے دریائے چناب کے کنارے آباد علاقوں کی نگرانی بھی بڑھا دی گئی ہے تاکہ پانی کی سطح میں اضافے کی صورت میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دریا کے قریب جانے سے گریز کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔