کراچی (سپورٹس ڈیسک)فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے کوہاٹ میں دہشت گرد حملے کے بعد کلیئرنس آپریشن مکمل کرنے پر پاک فوج، پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔شاہد آفریدی نے کہا کہ رات بھر جاری آپریشن میں سیکیورٹی اداروں کی محنت، بہادری، قربانی اور پیشہ ورانہ صلاحیت قابلِ تعریف ہے، یہی جذبہ پاکستان کو محفوظ رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی اور دعا ہے کہ اللہ پاکستان، قوم اور سیکیورٹی اہلکاروں کی حفاظت فرمائے۔ شاہین شاہ آفریدی نے بھی پولیس، سی ٹی ڈی اور مسلح افواج کی بہادری اور فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف صفِ اول میں موجود اہلکاروں کی حفاظت کے لیے دعا کی۔