مجھے پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے کا اعزاز حاصل ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ دیگر خواتین بھی بااختیار بنیں،وزیراعلیٰ
لاہور:(سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کے باعث پنجاب خواتین کیلئے محفوظ صوبہ بن چکا ہے۔صوبائی دارالحکومت میں کنیئرڈ کالج کے 89 ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہیں پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے کا اعزاز حاصل ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ دیگر خواتین بھی بااختیار بنیں۔اْنہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ طالبات کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کامیاب ہونے والی طالبات کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہاں موجود ہر لڑکی کی کامیابی کے پیچھے ایک داستان ہے، طالبات کے والدین کے لیے آج انتہائی خوشی کا دن ہے، پہلے کی نسبت والدین کا اپنی بیٹیوں پر اعتماد بڑھتا جا رہا ہے۔مریم نواز کا طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ ہر روز خود کو یہ احساس دلائیں کہ وہ مشکل کام بھی کر سکتی ہیں، خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور طالبات کو خودمختار بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔اْنہوں نے اپنی روزمرہ ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک بطور وزیراعلیٰ اپنی ذمہ داریاں نبھاتی ہیں جب کہ شام 6 بجے سے رات 10 بجے تک گھر کی ذمہ داریاں شروع ہو جاتی ہیں۔خواتین کے تحفظ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انہوں نے تین سال خواتین کے تحفظ کے لیے سکیورٹی کی صورتحال پر کام کیا، جب تک سکیورٹی کی صورتحال بہتر نہیں ہوگی، خواتین کے لیے گھروں سے باہر نکل کر کام کرنا آسان نہیں ہوگا۔مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کو بااختیار بنانے اور طالبات کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ خواتین مختلف شعبوں میں آگے بڑھ سکیں اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کے باعث پنجاب آج خواتین کے لیے محفوظ صوبہ بن چکا ہے، خواتین ہر شعبے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آج وہ صوبے کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کی حیثیت سے طالبات کے سامنے کھڑی ہیں، خواتین زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں کارہائے نمایاں انجام دے رہی ہیں اور وہ وزیراعلیٰ، وزیر، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سمیت اہم انتظامی عہدوں پر بھی فائز ہو سکتی ہیں۔مریم نوازنے کہا کہ وہ بھی یہ سنا کرتی تھیں کہ پنجاب کی بیوروکریسی کو چلانا ایک مشکل کام ہے، تاہم خواتین بھی انتظامی ذمہ داریاں نبھانے اور صوبے کے معاملات چلانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔اْن کا کہنا تھا کہ کہ خواتین کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے اور انہیں آگے بڑھنے کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔