زراعت، معدنیات میں دلچسپی؛ پاک امریکہ تجارتی معاہدے میں اہم پیشرفت

وزیر تجارت سے امریکی ناظم الامور کی ملاقات، ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری سمیت کئی شعبوں میں تعاون پر گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے امریکی ناظم الامور نٹالی اے بیکر نے ملاقات کی جس میں پاک امریکا دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل خان اور سیکرٹری تجارت جواد پال بھی اس موقع پر شریک تھے۔سیکرٹری تجارت جواد پال نے بتایا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارتی معاہدے پر جاری مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، تاہم مجوزہ تجارتی معاہدے کی چند تکنیکی شقوں پر امریکی تجارتی نمائندے کے دفتر سے مزید بات چیت درکار ہے۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینا پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ملاقات میں پاکستانی آم اور کھجور کی امریکی منڈی تک رسائی کے معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ سیکرٹری تجارت نے زور دیا کہ پاکستانی آم کی برآمدات کے لیے امریکی معائنہ ٹیموں کے دورے میں تیزی لانے کی ضرورت ہے، جبکہ بلوچستان کی کھجور کو امریکی منڈی تک رسائی ملنے سے کاشتکاروں اور برآمدکنندگان کو بڑا فائدہ ہوگا