اسلام آباد: وزیرِ اعظم نے ٹیکس فراڈ کی نشاندہی کرنے والے ایف بی آر افسر کو 50 لاکھ روپے نقد انعام سے نوازا ہے۔
یہ اعزاز ایف بی آر کے سینئر افسر اعجاز حسین کو دیا گیا، جنہوں نے کھربوں روپے کے سیلز ٹیکس فراڈ کی کوشش کا سراغ لگایا تھا۔وزیرِ اعظم سے وزیرِاعظم ہاؤس میں ملاقات کے دوران اعجاز حسین کی ایمانداری اور فرض شناسی کی تعریف کی گئی، اور ان کے لیے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایسے ایماندار افراد کی حوصلہ افزائی کرنا ضروری ہے، اور ٹیکس چوری کرنے والوں اور ان کی معاونت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔وزیرِ اعظم نے اس موقع پر اعجاز حسین کو ایک اعزازی شیلڈ بھی پیش کی اور کہا کہ ٹیکس فراڈ کی کوشش میں ملوث افراد کو سخت سزا دلوانے کے لیے ایف بی آر کو بہترین قانونی ٹیم کی خدمات حاصل کرنی چاہئیں۔
وزیرِ اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس فراڈ میں ایک 80 سالہ خاتون کے کوائف کو استعمال کیا گیا تھا، اور 4 مارچ 2024 کو اعجاز حسین نے اس کوشش کا پتہ لگایا۔ ابتدائی طور پر 37 کروڑ روپے کی رقم منتقل کی گئی تھی، جس کی ریکوری کا عمل جاری ہے۔ اس فراڈ میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ایف بی آر کے حکام کی ممکنہ معاونت کی نشاندہی کر کے انہیں بھی سزا دی جائے گی۔