موسیٰ مانیکا اپنے ملازم پر فائرنگ کے الزام میں گرفتار، عدالت نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا

موسیٰ مانیکا اپنے ملازم پر فائرنگ کے الزام میں گرفتار، عدالت نے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا

صوبہ پنجاب کے ضلع پاکپتن شریف میں بااثر خاندان سے تعلق رکھنے والے موسیٰ مانیکا کو اپنے ملازم پر فائرنگ کر کے زخمی کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے، عدالت نے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دے دیا ہے۔

واقعہ گزشتہ ہفتے نواحی علاقے پیر غنی کوٹھی میں پیش آیا جہاں موسیٰ مانیکا نے مبینہ طور پر اپنے ملازم علی بہادر کو کام میں تاخیر پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزم نے ہوائی فائرنگ بھی کی اور زخمی کو ہسپتال لے جانے سے بھی انکار کر دیا۔

ڈی پی او کا نوٹس، فوری گرفتاری اور اسلحہ برآمد
واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او پاکپتن جاوید اقبال چدھڑ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو کارروائی کی ہدایت کی، جس پر ملزم موسیٰ مانیکا کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔ڈی پی او کے مطابق پولیس نے ملزم کے قبضے سے آلۂ جرم (اسلحہ) بھی برآمد کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ:"کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں۔ مجرم کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو، اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔ ایسے ملزمان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔"
خاور مانیکا کا ردِعمل
ملزم کے والد خاور مانیکا نے اس واقعے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ:"یہ ایک عدالتی معاملہ ہے، ہم عدالت کا ہر فیصلہ تسلیم کریں گے۔"واضح رہے کہ خاور مانیکا سابق خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کے پہلے شوہر اور پاکستان کی سیاسی و سماجی حلقوں میں ایک معروف شخصیت ہیں۔