خواتین کی کاروبار سمیت ہر شعبے میں فعال شمولیت ضروری ہے: یوسف رضا گیلانی

بطور  سپیکر، وزیراعظم اور چیئرمین سینیٹ ہمیشہ خواتین کو برابر کے مواقع فراہم کئے،قوم اپنی نصف آبادی کو سائیڈ لائن کرکے ترقی نہیں کر سکتی
اسلام آباد (آئی این پی )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کیلئے  خواتین کی کاروبار سمیت ہر شعبے میں فعال شمولیت ضروری ہے،بطور  سپیکر، وزیراعظم اور چیئرمین سینیٹ ہمیشہ خواتین کو برابر کے مواقع فراہم کیے۔،قوم اپنی نصف آبادی کو سائیڈ لائن کرکے ترقی نہیں کر سکتی، صنف کوئی رکاوٹ نہیں،   بینظیر بھٹو نے پہلی مسلم خاتون وزیراعظم بن کر اس بات کو ثابت کیا کہ خواتین ہر شعبے میں آگے بڑھ سکتی ہیں ،وہ گزشتہ روز پاکستان ویمن چیمبرز پریزیڈنٹس انٹرنیشنل کانفرنس کے شرکا کے اعزاز میں منعقدہ گالا ڈنرسے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ   خواتین نے نہ صرف چھوٹے پیمانے پر بلکہ بڑے صنعتی منصوبوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، اور آج وہ ملک کی معیشت کو مضبوط کرنے میں کلیدی ستون بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزنس ویمن  کی جدوجہد اور جذبہ ملک کے لیے فخر کا باعث ہے اور انہیں ہر سطح پر سرمایہ، مارکیٹ تک رسائی، اور تکنیکی تربیت فراہم کی جانی چاہیے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو مزید وسعت دے سکیں۔