آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے منظور شدہ لوگو پر بھارت کی جانب سے تنازع کھڑا کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کی کٹ پر پاکستان کا نام شامل نہیں ہوگا، حالانکہ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق تمام ٹیموں کے لیے منظور شدہ لوگو لگانا لازمی ہے۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لوگو پر روایتی طور پر میزبان ملک کا نام درج کیا جاتا ہے، اور چونکہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کر رہا ہے، اس لیے اس لوگو پر پاکستان کا نام ہونا ضروری ہے۔ تاہم بھارتی میڈیا نے اس پر اعتراض اٹھایا ہے اور یہ دعویٰ کیا ہے کہ بھارت پاکستان کا نام شرٹ پر شامل نہیں کرے گا، جس سے ایک نیا تنازع کھڑا ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارتی ٹیم کے فیصلے پر ناگواری کا اظہار کیا ہے۔ اس تنازع کے حوالے سے سوالات اٹھنے شروع ہو گئے ہیں کہ آیا بھارت دوبارہ بین الاقوامی سطح پر تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور آیا آئی سی سی بھارت کو اپنے قوانین کی پابندی کرانے میں کامیاب ہو سکے گا۔
آئی سی سی کے قوانین کے مطابق تمام ٹیموں کے لیے آئی سی سی کے منظور شدہ لوگو کا استعمال لازمی ہے اور ہر ٹیم اپنے کٹ اور ٹریننگ کٹس کو آئی سی سی کو منظوری کے لیے بھیجتی ہے۔ اگر لوگو کا استعمال غلط طریقے سے کیا جائے تو آئی سی سی فوری طور پر اس کٹ کو مسترد کر دیتی ہے۔ گزشتہ برس ایشیا کپ کے دوران بھی بھارت نے اس طرح کا تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کی تھی، لیکن اس وقت ایشین کرکٹ کونسل نے فیصلہ کیا تھا کہ ایشیا کپ کے لوگو پر میزبان ملک کا نام نہیں درج کیا جائے گا۔اب ایک بار پھر بھارت کی جانب سے اس معاملے کو اٹھایا جا رہا ہے، جس سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کے لیے ایک نیا چیلنج پیدا ہوگیا ہے۔