ملک بھر میں گرمی کی شدت کے پیش نظر شہریوں نے ٹھنڈے اور خوبصورت مقامات کا رخ شروع کر دیا ہے، جن میں سوات کی حسین وادی مالم جبہ خاص طور پر سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
مالم جبہ، جو سوات کی ایک معروف اور دلکش وادی ہے، قدرتی حسن سے مالا مال ہے۔ یہاں بلند و بالا پہاڑ، سرسبز وادیاں اور ٹھنڈا و خوشگوار موسم گرمی کے دوران سیاحوں کے لیے خاص کشش رکھتے ہیں۔ملک کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے سیاح اپنے خاندان اور دوستوں کے ہمراہ یہاں خوبصورت لمحے گزار رہے ہیں۔ کچھ قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، تو کچھ یادگار لمحات کو کیمرے میں قید کر رہے ہیں۔سیاحوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے مقابلے میں، مالم جبہ کا موسم انتہائی خوشگوار ہے، جہاں ٹھنڈی ہوا اور خوبصورت ماحول ذہنی سکون فراہم کرتا ہے۔سیاحوں کی آمد سے مالم جبہ میں رونقیں بھی بڑھ گئی ہیں۔ ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور دکانوں سے وابستہ کاروباری افراد کے مطابق، سیاحوں کی بڑی تعداد سے کاروباری سرگرمیاں بھی تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔
اس کے علاوہ، مالم جبہ میں سیاحوں کے لیے موسیقی اور تفریحی پروگرامز کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے، جس سے موسم کی خوبصورتی اور بھی نکھر گئی ہے۔ملک بھر میں گرمی کی شدت سے پریشان شہریوں نے سوات کی حسین وادی مالم جبہ کا رخ کیا ہے، جہاں ٹھنڈی ہوا، تازہ مناظر اور خوبصورت ماحول انہیں اپنی جانب کھینچ رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس وقت مالم جبہ سیاحوں سے خوب آباد ہے۔