عالمی مارکیٹ میں خام تیل مزید مہنگا ہوگیا

عالمی مارکیٹ میں خام تیل مزید مہنگا ہوگیا

امریکا میں تیل کی طلب بڑھنے اور یوکرین جنگ کے خاتمے کی کوششوں سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے باعث جمعرات کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کے دوران برینٹ کروڈ فیوچرز دو ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے اور ابتدائی کاروبار میں 27 سینٹ (0.40 فیصد) اضافے کے ساتھ 67.11 ڈالر فی بیرل پر جا پہنچے۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) کے سودے بھی 29 سینٹ (0.46 فیصد) بڑھ کر 63 ڈالر فی بیرل میں طے پائے۔امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن (EIA) کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی خام تیل کے ذخائر میں 60 لاکھ بیرل کمی واقع ہوئی اور یہ کم ہو کر 420.7 ملین بیرل پر آگئے۔ یہ کمی ماہرین کی توقعات سے کہیں زیادہ رہی، کیونکہ رائٹرز کے سروے میں صرف 18 لاکھ بیرل کمی کا اندازہ لگایا گیا تھا۔ای آئی اے کے مطابق پٹرول کے ذخائر میں بھی 27 لاکھ بیرل کی نمایاں کمی ہوئی، جبکہ ماہرین کی توقع صرف 9.15 لاکھ بیرل کمی کی تھی۔

اس رجحان سے ظاہر ہوتا ہے کہ موسمِ گرما میں ڈرائیونگ اور سفری سرگرمیوں کے باعث پٹرول کی مانگ مسلسل بڑھ رہی ہے۔اسی طرح جیٹ فیول کے چار ہفتوں کے اوسط استعمال میں بھی اضافہ ہوا جو 2019 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ہوا بازی کی سرگرمیوں میں تیزی اور عالمی سفر کے فروغ کی علامت ہے۔اے این زیڈ کے سینئر کموڈٹی اسٹریٹجسٹ ڈینیئل ہائنس نے اپنے نوٹ میں کہا کہ امریکا میں طلب کے مضبوط اشاروں نے مارکیٹ کو سہارا دیا ہے، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں میں استحکام اور اضافہ دیکھنے میں آیا۔