بلوچستان کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹرز میں صوبے کی سیکیورٹی پر اہم اجلاس

بلوچستان کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹرز میں صوبے کی سیکیورٹی پر اہم اجلاس

کوئٹہ: بلوچستان کانسٹیبلری کے ہیڈکوارٹرز بدر لائن میں سیکیورٹی امور کے ایک اہم اجلاس کی صدارت ایڈیشنل آئی جی پولیس آغا محمد یوسف نے کی۔

 اجلاس میں صوبے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، ادارہ جاتی نظم و ضبط اور اہلکاروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔خصوصاً ضلع شیرانی میں پولیس اور لیویز تھانوں پر دہشت گرد حملے کو ناکام بنانے پر جوانوں کی جرأت کو سراہا گیا اور شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا کی گئی۔ ایڈیشنل آئی جی نے شہید الطاف حسین کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین نے اپنی جان قربان کر کے دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنایا اور صوبے کی سلامتی کو یقینی بنایا۔انہوں نے اعلان کیا کہ شہید الطاف حسین کو قومی پولیس میڈل اور تمغہ شجاعت سے نوازنے کی سفارش کی جائے گی، جبکہ ان کی ٹیم کے دیگر ارکان کے لیے نقد انعامات اور سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے۔

اجلاس میں دہشت گرد سرگرمیوں کے خلاف اقدامات کو مزید سخت کرنے، سرحدی نگرانی بڑھانے اور اضافی نفری تعینات کرنے کے فیصلے بھی کیے گئے۔شیرانی حملے کی تفصیلات کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے میر علی خیل کے علاقے میں پولیس اور لیویز تھانوں پر حملہ کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو گھنٹے سے زائد مقابلہ ہوا۔ حملہ آوروں نے ایک گاڑی نذر آتش کی اور لیویز اہلکار اعظم خان کو اغوا کر لیا، جس کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔شہید الطاف حسین کی میت کو ان کے آبائی علاقے کان مہترزئی منتقل کر دیا گیا جبکہ زخمی اہلکاروں کو اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔