مرض کے تدارک کیلئے متوازن غذا کا ، سادہ طرز زندگی اور آگاہی ضروری :ڈاکٹر محمد علی
لاہور(خصوصی رپورٹ)وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ بریسٹ کینسر کے تدارک کیلئے متوازن غذا کا استعمال، سادہ طرز زندگی اور آگاہی ضروری ہے۔ وہ جامعہ پنجاب میں پنک ربن پاکستان کے اشتراک سے الرازی ہال منعقدہ بریسٹ کینسر سے آگاہی سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ا س موقع پرڈی جی پیمرا عائشہ منظور وٹو، ڈین فیکلٹی آف بہیوریل اینڈ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ذاکر، سی ای او پنک ربن پاکستان عمر آفتاب، ماہر بریسٹ کینسر ڈاکٹر گلناز، فوکل پرسن بریسٹ کینسر آگاہی مہم ڈاکٹر سونیا عمر، فیکلٹی ممبران اور طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے مزیدکہا بریسٹ کینسر قابل علاج مرض ہے، خود پر توجہ دے کر اسکا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ ہمارے طلبہ سفیر بن کر سماجی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اپنے اردگرد افراد وکو آگاہی فراہم کریں۔ خواتین کو مضبوط ہونے کیلئے مالی طور پر مستحکم ہونا پڑے گا۔ ہمارا ملک بہت خوبصورت ہے جسے ہم نے ملکر بہتر بنانا ہے۔انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پرڈاکٹر سونیا عمر اور اشتراکی اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔ عائشہ منظور نے کہا ماں کی صحت بگڑ نے سے گھر کا نظام تباہ ہو جاتا ہے۔ شہروں کیساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں کی خواتین کو بھی بریسٹ کینسر سے آگاہی دینے کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ عمر آفتاب نے کہا طرز زندگی کو بدل کر چالیس فیصد کینسر کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ پنجاب یونیورسٹی جس طرح بریسٹ کینسر آگاہی میں تعاون کررہی ہے وہ قابل ستائش ہے۔پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ذاکرنے کہا پنجاب یونیورسٹی بریسٹ کینسر کے تدارک کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ ڈاکٹر سونیا نے وائس چانسلر، پنک ربن اور عیٰسی لیب کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔