جماعت اسلامی ، حکومتی ٹیموں کے درمیان دو روز میں ملاقات متوقع

پٹرولیم لیوی ایشو پر وزیراعظم اور حافظ نعیم میں بھی رواں ہفتے ملاقات ہو سکتی 
 واضح ریلیف نہ ملنے پر لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیاجائیگا:ذرائع
 اسلام آباد (بیورو رپورٹ )پٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج کے معاملے پر جماعت اسلامی اور حکومتی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان آئندہ دو روز میں ملاقات متوقع ،دوبارہ مذاکرات شروع ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے درمیان بھی رواں ہفتے ملاقات متوقع ہے جس میں پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے حوالے سے معاملات پر بات چیت ہوگی،جماعت اسلامی کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا جائے گا کہ پٹرولیم لیوی کے معاملے پر واضح اور ٹھوس ریلیف فراہم کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق یہ طے پایا گیا ہے کہ وزیر اعظم اور حافظ نعیم کی ملاقات میں واضح ریلیف نہ ملا تو لانگ مارچ دوبارہ شروع ہوگا ،دوبارہ لانگ مارچ کا فیصلہ جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت کے اجلاس میں کیاگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق لانگ مارچ اکتوبر کے آخری ہفتے یا نومبر کے پہلے ہفتے میں ہوگا،ٹھوس اورواضح ریلیف ملنے کی صورت میں ہی حکومت سے مزید بات چیت ہوگی۔