گلگت بلتستان میں معمول سے زیادہ برف باری ، گلیشیرز پگھلنے کی شرح بھی 3 فیصد بڑھ گئی:چیئرمین این ڈی ایم اے
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا ہے کہ اگلے سال مون سون کی شدت 20 سے 26 فیصد زیادہ ہوگی۔وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ گلگت بلتستان میں معمول سے زیادہ برف باری ریکارڈ ہوئی جبکہ گلیشیرز پگھلنے کی شرح بھی 3 فیصد بڑھ گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کی شدت بڑھ رہی ہے، آئندہ برس مون سون زیادہ شدت کے ساتھ آئے گا، اس کیلیے پہلے سے تیاری کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم کو مزید بتایا گیا کہ حالیہ سیلاب میں بے گھر افراد کو عارضی ریلیف کیمپوں میں رکھا گیا، انفرااسٹرکچر میں فوری بہتری ناگزیر ہے تاکہ آئندہ مون سون میں اس سال جیسا نقصان نہ ہو۔لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نییہ بھی کہا کہ کوشش ہے آئندہ مون سون میں اتنا نقصان نہ ہو جو اس سال ہوا۔