شہر کے مختلف تھانوں میں 23 ہزار 416 مقدمات درج کئے گئے: پولیس
لاہور(کرائم رپورٹر) بجلی چوری کے خلاف جاری خصوصی مہم کے نتیجے میں لاہور پولیس نے سال 2025 کے دوران 29 ہزار 537 ملزمان کو گرفتار کیا۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق شہر کے مختلف تھانوں میں 23 ہزار 416 مقدمات درج کئے گئے، جو رواں سال کی سب سے بڑی قانونی کارروائیوں میں شمار ہوتے ہیں لاہور کے چھ ڈویڑنز میں بڑی تعداد میں ملزمان پکڑے گئے، جن میں کینٹ ڈویڑن میں 10,370 بجلی چور گرفتار، صدر ڈویڑن میں 5,990 اور ماڈل ٹاؤن ڈویڑن میں 4,548 گرفتاریاں، اقبال ٹاؤن میں 3,669 جبکہ سٹی ڈویڑن میں 3,550 ملزمان اور سول لائنز ڈویڑن میں 1,410 گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے بجلی چوری کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ پولیس تمام کارروائیوں میں مکمل قانونی معاونت فراہم کر رہی ہے اور بجلی چوری کی کسی بھی شکایت پر فوری ایکشن یقینی بنایا جائے گا۔ یہ مہم آئندہ ہفتوں میں مزید سخت کی جائے گی، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ بجلی چوری کی نشاندہی میں پولیس کا ساتھ دیں تاکہ شہر کو اس سنگین جرم سے پاک کیا جا سکے۔