ملزمہ نے گھر کے دیگر افراد کی غیر موجودگی میں سونا غائب کیا، گرفتار کرلیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر) گھر سے 17 لاکھ روپے مالیت کا سونا چوری ہونے کے ڈرامے کا ویمن ریس کورس پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پردہ فاش کر دیا پولیس کے مطابق واردات کی منصوبہ ساز گھر کی بڑی بھابھی ہی نکلی، جسے گرفتار کر لیا گیا ہے ملزمہ نے گھر کے دیگر افراد کی غیر موجودگی میں سونا غائب کیا اور بعد ازاں چوری کا ڈرامہ رچا کر اہلِ خانہ اور پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ ایس ایچ او ویمن ریس کورس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے چوری شدہ سونا فروخت کر کے رقم اپنی سہیلی کے گھر بطور امانت رکھوا دی۔تفتیش کے دوران ملزمہ نے پیسوں اور سونے کی لالچ میں چوری کی واردات کا اعتراف بھی کر لیا۔ پولیس نے ملزمہ اسفارا سے 7 لاکھ روپے نقدی اور سونے کی ایک انگوٹھی برآمد کر لی ہے۔ایس پی سول لائنز کے مطابق ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی نے کہا کہ عوام الناس کے جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔