تربت: مسلح افراد نے پولیس چوکی میں لوٹ مار کے بعد آگ لگا دی

حملہ آوروں نے چوکی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا،ریڈیو اور دیگر سامان چھیننے کے بعدتوڑ پھوڑ کی اور آگ لگا کر فرار ہوگئے
تربت(آئی این پی)بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تربت میں مسلح افراد نے پولیس چوکی کو آگ لگا لی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق موٹرسائیکلوں پر سوار عسکریت پسند تربت شہر کے نواح میں پولیس چیک پوسٹ پر پہنچے اور حملہ کیا، حملہ آوروں نے چوکی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا۔عسکریت پسندوں نے پولیس افسران سے ریڈیو اور دیگر سامان بھی چھیننے کے بعد پولیس چوکی میں توڑ پھوڑ کی اور اسے آگ لگا دی۔پولیس حکام نے بتایا کہ چیک پوسٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔رپورٹ کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔بعد ازاں سیکیورٹی فورسز نے حملے میں ملوث شدت پسندوں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کردیا۔