ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں موسلادھار بارش، کہیں بوندا باندی نے موسم مزید سرد کر دیا۔
لاہور سمیت کئی شہروں میں رات گئے سے شروع ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
ملک بھر میں بارشوں کا سلسلہ
پنجاب: لاہور، چیچہ وطنی، فیروز والا، گوجرہ، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بارش ہوئی۔ اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے۔ بارش کے باعث کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
خیبرپختونخوا: پشاور میں موسلادھار بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا، جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے۔
بلوچستان: کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں باران رحمت برسی، جہاں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے بعد خنکی میں اضافہ ہوگیا۔
سندھ: گھوٹکی، اوباڑو اور گردونواح سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسے، جس سے موسم مزید خوشگوار ہوگیا۔
مزید بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق 21 فروری تک ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔ خطۂ پوٹھوہار میں ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ملک کے کئی علاقوں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، اور جاتی سردی ایک بار پھر لوٹ آئی ہے۔