پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پورٹ قاسم اتھارٹی میں سی بی اے یونین کے انتخاب میں پیپلز لیبر یونین کی کامیابی پر اظہار تشکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز لیبر یونین کی کامیابی پورٹ قاسم کے محنت کشوں کی فتح ہے اور یہ کامیابی پیپلز پارٹی کی محنت اور عزم کا نتیجہ ہے۔ بلاول بھٹو نے نومنتخب صدر سید لعل حسین شاہ اور جنرل سیکریٹری شیر محمد بلوچ کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دی۔انہوں نے پیپلز لیبر یونین کی کامیابی کے لیے پیپلز لیبر بیورو کے صدر حبیب الدین جنیدی، فیاض شاہ اور اسلم سموں کو شاباش دی اور ان کی محنت کو سراہا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرتی ہے اور پیپلز لیبر یونین کی نومنتخب قیادت پورٹ قاسم اتھارٹی کے مزدوروں کو مزید طاقتور بنانے کے لیے کام کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی ملک بھر کے محنت کشوں کی نمائندہ جماعت ہے اور اس کے لیے مزدوروں کے حقوق پر کبھی کوئی مصلحت نہیں کی جائے گی۔ بلاول بھٹو نے یقین ظاہر کیا کہ پیپلز لیبر یونین کے عہدیداران اور کارکنان اب مزید جذبے اور عزم کے ساتھ محنت کریں گے تاکہ محنت کشوں کی آواز بلند کی جا سکے اور ان کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔