ایک ماہ کے اندر 90 فیصد سرکاری کنکشنز اے ایم آئی میٹرز پر منتقل

اسلام آباد(آن لائن)سیکرٹری پاور ڈویژن ڈاکٹر فخر عالم کی زیرصدارت سرکاری بجلی کنکشنوں پر اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب حوالے سے اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاق اور صوبوں میں سرکاری کنکشنوں پر نئے میٹرز کی تنصیب کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس کو بریفنگ میںبتایا گیا کہ تمام ڈسکوز نے سرکاری اداروں میں پرانے میٹرز کی تبدیلی شروع کردی ہے ۔وزیراعظم کی ہدایت پر سرکاری بجلی کنکشنز پر اے ایم آئی میٹرز لگانے کا عمل جاری ہے۔اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب کا مقصد بلنگ میں شفافیت یقینی بنانا ہے، اے ایم آئی میٹرز سے سرکاری واجبات کی ادائیگیوں کے مسائل حل ہوں گے ۔ایک ماہ کے اندر 90 فیصد سرکاری کنکشنز کو اے ایم آئی میٹرز پر منتقل کیا جائے گا ۔ ستمبر کے اختتام تک 90 فیصد سرکاری بجلی کنکشنز پر اے ایم آئی میٹرز نصب ہوجائیں گے ۔سیکرٹری پاور ڈویژن نے تمام ڈسکوز کے سی ای اوز کواے ایم آئی میٹرز کی تنصیب کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ مقررہ مدت میں 100 فیصد سرکاری بجلی میٹرز کو اے ایم آئی میٹرز سے تبدیل کیا جائے، تمام سرکاری بجلی کنکشنز کی میٹرنگ جدید بنانے کیلئے ڈسکوز کو ٹاسک دے دیا گیا۔