پنجاب ایک بڑی مارکیٹ، جاپانی سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں مریم نواز

 پنجاب مڈل ایسٹ اور افریقہ کیلئے مینوفیکچرنگ کا مرکز بن سکتا ہے،چاہتے ہیں  جاپانی کمپنیاں پنجاب میں نوجوانوں کو ہنرمند بنانے میں ساتھ دیں
جاپانی سرمایہ کاروں اور کمپنیاں پنجاب میں مصنوعات تیار کریں‘ جاپان میں رائج صحت و علاج اور ہیلتھ مینجمنٹ سسٹم پنجاب میں متعارف کرایاجائیگا:وزیراعلی
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے بیرونی تجارت کے جاپانی ادارے (جیٹرو) کے صدرنوری ہیکواشیگوروسے ملاقات کی۔ نوری ہیکو اشیگورو نے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے دورہ جاپان کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جاپان کے سرمایہ کاروں کو پنجاب کے اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ پنجاب کے نجی اور سرکاری شعبے کے ساتھ جیٹرو کو مشترکہ منصوبوں کے آغاز اور جاپانی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو پنجاب میں مصنوعات کی تیاری اور اسمبل کرنے کی بھی دعوت دی۔ ٹیکس فری اسپیشل اکنامک زونز میں زمین مفت فراہم کرنے کی سہولت دے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جاپانی کمپنیوں کو نواز شریف آئی ٹی سٹی میں آئی ٹی پارکس بنانے کی بھی دعوت دی۔ ملاقات میں لیبر کی تربیت اور جاپان میں کمپنیوں کی ضرورت کے مطابق تربیت یافتہ اور ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں باہمی تجارت کا حجم بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیاگیا۔  مریم نواز شریف نے جیٹرو کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب مڈل ایسٹ اور افریقہ کے لئے مینوفیکچرنگ کا مرکز بن سکتا ہے۔ پنجاب ایک بڑی مارکیٹ ہے جس سے جاپانی سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔پاکستان نوجوانوں کی اکثریت رکھنے والا ملک ہے۔ چاہتے ہیں کہ جاپانی کمپنیاں پنجاب میں نوجوانوں کو ہنرمند بنانے میں ساتھ دیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف آئی ٹی پارک میں زیر تعمیر ٹوئن ٹاورکا پراجیکٹ بہت جلدمکمل ہوجائے گا۔ نواز شریف آئی ٹی پارک میں آئی ٹی بزنس کے لئے دنیا کے معروف ادارے رابطہ کررہے ہیں۔ پنجاب کو جاپان کی طرز پر ٹیکنالوجی کی بلندیوں پر لیجانا چاہتے ہیں۔ دریں اثناء ب مریم نواز نے جاپان میں رائج صحت و علاج اور ہیلتھ مینجمنٹ سسٹم پنجاب میں متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔مریم نواز نے جاپان کے اسپتال نیشنل سینٹرفار گلوبل ہیلتھ کا دورہ کیا جس میں انہوں نے جدید ہائی ٹیک جاپانی مشینری، آلات، طریقہ علاج اور نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کو بھی جاپان میں رائج صحت کے نظام کی طرز پر بنانے کا فیصلہ کیا۔وزیر اعلی پنجاب  نے صوبے بھر میں ذیابیطس، جگر اور متعدی امراض کے علاج کے لیے جاپانی تحقیق سے فائدہ اٹھانے پر اتفاق کیا۔