سندھ میں کاشتکاروں کو4ہزار روپے فی ایکٹرسبسڈی دینے کا فیصلہ

کراچی(آئی این پی) سندھ کابینہ نے کاشت کاروں کو سبسڈی دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے 4 ہزار روپے فی ایکڑ امداد کا اعلان  کر دیا،57 ہزار کاشت کاروں کو براہ راست ادائیگی ہوگی۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے اجلاس میں گندم آبادگاروں، لینڈ ریکارڈ، صحت، کھیل، اعلی تعلیم اور دیگر شعبوں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔ کابینہ نے گندم آبادگاروں کے لیے اضافی سبسڈی پیکیج کی منظوری دیتے ہوئے محکمہ خوراک کو گندم فراہم کرنے والے ہاریوں کی اضافی سبسڈی ایک ہزار سے بڑھا کر 2 ہزار روپے فی من کردی۔  25 ایکڑ تک زمین رکھنے والے آبادگار سبسڈی کے اہل ہوں گے، جبکہ تقریبا5 لاکھ 50 ہزار آبادگاروں کو پیکیج سے فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ اس پر 14.9 ارب روپے خرچ ہوں گے اور مجموعی سبسڈی تقریبا 16ارب روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔ نئی رجسٹریشن ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے ہوگی۔