پولیس نے گھر پر چھاپہ مارا اور شادی ختم کرنے کیلئے دبائو ڈالا:خاتون کی شکایت
لاہور (آئی این پی )لاہور ہائی کورٹ نے پولیس کو پاکستانی شہری سے شادی کرنے والی بھارتی خاتون کو ہراساں کرنے سے روک دیا، خاتون نے پولیس کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔یہ خاتون پہلے سکھ تھیں، مذہبی مقاصد کے لئے پاکستان آئی تھیں، لیکن انہوں نے دوسرے درخواست گزار (جو اب ان کے شوہر ہیں) سے شادی کرنے کیلئے اسلام قبول کر لیا تھا، خاتون نے شکایت کی کہ پولیس نے فاروق آباد، ضلع شیخوپورہ میں ان کے گھر پر غیر قانونی چھاپہ مارا اور شادی ختم کرنے کیلئے دبائو ڈالا۔درخواست کی سماعت لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے کی، جنہوں نے پولیس کو حکم دیا کہ وہ درخواست گزاروں کو ہراساں کرنا بند کریں۔ درخواست میں خاتون اور ان کے شوہر دونوں کو درخواست گزار بنایا گیا تھا جب کہ فریقین میں پنجاب کے انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی)، شیخوپورہ کے ریجنل پولیس آفیسر، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کے ڈسٹرکٹ پولیس افسران (ڈی پی اوز )، انہی علاقوں کے ایس ایچ اوز، اور فاروق آباد کے ایک اور رہائشی کو شامل کیا گیا تھا