پی پی پی اور پی ٹی آئی کے تعلقات بہتر ہونے کی امید کم ہے:گورنر کے پی

پی پی پی اور پی ٹی آئی کے تعلقات بہتر ہونے کی امید کم ہے:گورنر کے پی

گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی  نے کہا ہے کہ ان کی رائے میں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان تعلقات میں بہتری کے امکانات کم ہیں۔

ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی  نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کا رویہ سیاسی انداز میں تبدیل ہوتا ہے تو شاید تعلقات میں بہتری آ سکتی ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں ایسا نظر نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی رہائی کا معاملہ سیاسی نوعیت کا ہے، جسے سیاسی طریقہ کار کے ذریعے ہی آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔گورنر خیبر پختونخوا کے مطابق وزیراعلیٰ کی جانب سے صوبے کے مسائل، این ایف سی ایوارڈ اور امن و امان کی صورتحال سمیت مختلف امور پر وفاق سے متعدد بار بات چیت کی گئی ہے۔

فیصل کریم کنڈی  نے مزید کہا کہ بات چیت کے لیے سب سے بہتر فورم پارلیمنٹ ہے، لیکن پی ٹی آئی وہاں بات کرنے کے بجائے احتجاج اور شور شرابے کا راستہ اختیار کرتی ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو مشورہ دیا کہ وہ صوبے کے مسائل کو مؤثر انداز میں وفاق کے سامنے رکھیں اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ کردار ادا کریں۔