انتہائی محدود دفاعی بجٹ کے باوجود پاکستان نے اپنی روایتی عسکری مہارت اور جنگی برتری کا لوہا منوا لیا
اسلام آباد(آئی این پی )عسکری میدان میں زیادہ دفاعی اخراجات کی بنیاد پر برتری کے بھارتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔عالمی تحقیقاتی ادارے کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا کہ خطے میں جاری حالیہ تنازع میں بڑے دفاعی بجٹ کے باوجود بھارت کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ انتہائی محدود دفاعی بجٹ کے باوجود پاکستان نے اپنی روایتی عسکری مہارت اور جنگی برتری کا لوہا منوا لیا ہے۔عالمی تحقیقاتی ادارے کے جاری کردہ مستند اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 میں بھارت دنیا بھر میں دفاعی اخراجات کرنے والا پانچواں بڑا ملک رہا، جس کے فوجی اخراجات 92.1 ارب ڈالر کی خطیر رقم تک پہنچ گئے تھے۔اس کے برعکس سال 2025 میں پاکستان کے کل فوجی اخراجات محض 11.9 ارب ڈالر رہے، جو کہ بھارتی اخراجات کے مقابلے میں کئی گنا کم ہیں۔