اب آرڈیننس نہیں، مکمل ایکٹ نافذ ہو چکا ہے،عدالت نے سرکاری وکیل کی وضاحت پر انٹرا کورٹ اپیل واپس لینے کی اجازت دے دی
لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ای چالان کرنے کو قانونی حیثیت حاصل ہو چکی ہے۔ اس تناظر میں حکومتِ پنجاب نے ای چالان سے متعلق دائر انٹرا کورٹ اپیل واپس لے لی، جس پر عدالت نے کیس نمٹا دیا۔جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیاء باجوہ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے حکومتِ پنجاب کی اپیل پر سماعت کی۔ یہ اپیل سنگل بینچ کے اُس فیصلے کے خلاف دائر کی گئی تھی جس میں ای چالان کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔سماعت کے دوران اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عمر فاروق خان نے عدالت کو آگاہ کیا کہ موٹر وہیکلز ایکٹ میں ترمیم کر دی گئی ہے، جس کے بعد ای چالان کو قانونی تحفظ حاصل ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب انٹرا کورٹ اپیل واپس لینا چاہتے ہیں۔فاضل عدالت نے استفسار کیا کہ موٹر وہیکلز آرڈیننس سے متعلق اپیل کو واپس کیسے لیا جا سکتا ہے؟ جس پر سرکاری وکیل نے مؤقف اپنایا کہ اب آرڈیننس نہیں، مکمل ایکٹ نافذ ہو چکا ہے۔عدالت نے سرکاری وکیل کی وضاحت پر انٹرا کورٹ اپیل واپس لینے کی اجازت دے دی۔