ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل، سابقہ دشمنی واقعہ کا سبب قرار
لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے راولپنڈی کہوٹہ کے علاقے بھون روڈ پر فائرنگ سے 4 افراد کے جاں بحق ہونے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے سی پی او راولپنڈی کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ قتل کی واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ سی پی او راولپنڈی نے بتایا کہ ایس پی صدر راولپنڈی نبیل کھوکھر نے فرانزک ٹیموں کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے۔ سی پی او راولپنڈی نے مزید بتایا کہ واقعہ سابقہ دشمنی کا شاخسانہ ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور جلد گرفتار کر لیں گے۔ مقتولین میں جنید گل، متین کیانی، شعیب اور ثمر اقبال شامل ہیں۔