کرپشن کنٹرول کرنے کیلئے جانچ و نگرانی کا نیا نظام منظور

کابینہ ڈویڑن، نیب ، اینٹی منی لانڈرنگ ، ایف بی آر، وزارت خزانہ، ریگولیٹری اتھارٹیز کارکردگی پر نظر رکھیں گے سالانہ رپورٹس پر وزیر اعظم اقدامات کا حکم دینگے
 نیا نظام جون 2028تک نافذ کرنے کی ہدایت وزیراعظم نے ابتدائی طور پر ناقص کارکردگی ، کرپشن میں سرفہرست اداروں میں نفاذ کے احکامات دے دیئے
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی اداروں کی صلاحیت میں بہتری اور کرپشن میں کمی کے لیے جانچ و نگرانی کا نیا نظام بنانے کی منظوری دے دی ،مذکورہ نظام کے تحت کابینہ ڈویڑن سمیت مختلف محکمے حکومتی و سرکاری اداروں کی کارکردگی و جائزہ رپورٹس تیار کریں گے ، وزیراعظم کے منظور کردہ نئے نظام کے تحت کابینہ ڈویڑن، نیب ، اینٹی منی لانڈرنگ، ایف بی آر، وزارت خزانہ اور ریگولیٹری اتھارٹیز کارکردگی کی نگرانی و جانچ کرینگے ، مذکورہ محکمے حکومتی و سرکاری اداروں کو دیئے گئے کارکردگی اہداف، کرپشن ، بے ضابطگیوں اور سرکاری امور کی انجام دہی کے حوالے سے سالانہ رپورٹس تیار کریں گے ، وزیراعظم مذکورہ رپورٹس کی بنیاد پر حکومتی و سرکاری اداروں کو کارکردگی و امور کی انجام دہی کے حوالے سے اقدامات کرنے کے احکامات جاری کریں گے ، وزیراعظم شہباز شریف نے مذکورہ نظام کو سرکاری اداروں میں نافذ کے لئے جون 2028 تک کی مدت مقرر کی ہے ، وزیراعظم نے ابتدائی طور پر ناقص کارکردگی اور کرپشن کے حوالے سے سرفہرست وفاقی وزارتوں و محکموں میں یہ نظام نافذ کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔