لاہور (کرائم رپورٹر)ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب کے منیجنگ ڈائریکٹر عاصم رضا نے محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے انسپکٹر جنرل میاں فاروق نذیر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل لاہور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز میاں سالک جلال بھی موجود تھے۔دورے کے دوران ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں منعقدہ ہاسپیٹیلٹی اینڈ ٹیبل سروسنگ مینجمنٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قیدیوں کو ہاسپیٹیلٹی کے شعبے میں عملی تربیت مکمل کرنے پر اسناد جاری کی گئیں۔ تقریب میں جیل حکام اور متعلقہ افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ایم ڈی ٹی ڈی سی پی عاصم رضا نے جیل انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے جیل اصلاحات کے وڑن پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ جیل لاہور صاف ستھری اور مثالی ماحول کی عکاس ہے، جو محکمہ جیل خانہ جات کی موثر حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کی قیادت میں محکمہ میں مثبت تبدیلی آئی ہے اور قیدیوں کی سکل ڈیولپمنٹ اپنے عروج پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب ٹورازم ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے جیلوں میں فنی تربیت کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے اس موقع پر کہا کہ قیدیوں کو فنی مہارتیں فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ رہائی کے بعد وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں اور معاشرے کا مفید شہری بنیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جیل خانہ جات قیدیوں کی اصلاح و تربیت کے لیے مختلف پروگرامز جاری رکھے ہوئے ہے۔