پنجاب اسمبلی میں خواتین کے تحفظ و قانونی امداد کیلئے اہم تجاویز پیش

   فوری اور موثر مدد فراہم کرنے کے لییتمام اضلاع میں ویمن پروٹیکشن سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے ،حنا پرویز بٹ 
لاہور (آ ئی این پی )پنجاب اسمبلی میں پیش پری بجٹ تقریر کے دوران رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ نے خواتین کے تحفظ اور قانونی امداد کے حوالے سے اہم تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں ویمن پروٹیکشن سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ خواتین کو فوری اور موثر مدد فراہم کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال صرف ملتان میں ویمن پروٹیکشن سینٹر موجود ہے، جبکہ ایسی سہولت تمام اضلاع میں فراہم کی جانی چاہیے تاکہ متاثرہ خواتین کو بروقت مدد دی جا سکے۔حنا پرویز بٹ نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں خواتین کے لیے فری میڈیکل سرٹیفکیٹ کے اجراء کا بندوبست کیا جائے، تاکہ انہیں طبی معائنے کے لیے کسی مالی بوجھ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے زیادتی اور تشدد کی شکار خواتین کو فوری اور مفت قانونی معاونت فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔انہوں نے پولیس، پراسیکیوٹرز اور ہسپتالوں کے عملے کے لیے خصوصی تربیتی ورکشاپس منعقد کرنے کی تجویز دی، تاکہ وہ تشدد کی شکار خواتین سے بہتر انداز میں پیش آ سکیں اور انہیں درپیش مسائل کو مثر طریقے سے حل کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں خواتین کے خلاف ہونے والے تشدد کے مقدمات کی بہتر تفتیش کے لیے جدید فرانزک سروسز اور ایویڈنس کلیکشن پوائنٹس قائم کیے جائیں۔