اسلام آباد(آئی این پی ) محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد، پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا جبکہ اسلام آباد اور گردو نواح میں موسم سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر بالائی اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں موسم شدید سرد رہنے اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔سیالکوٹ، ناروال، گوجرنوالہ، لاہور، ساہیوال، اوکاڑہ میں دھند اور سموگ متوقع ہے جبکہ ملتان، بہاولپور، رحیم یارخان، بہاولنگر میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کی توقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد، پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ چترال، سوات، دیر، کوہستان، مانسہرہ میں ہلکی بارش اور ہلکی برفباری ہوسکتی ہے۔