کسانوں کو ادائیگیاں نہ کرنے پر 8شوگرملزڈیفالٹرقرار

پنجاب کی 8شوگرملزکے خلاف کارروائی کے لئے ڈپٹی کمشنرزکو ہدایات جاری 
 کسانو ں کے واجبات ادا نہ کرنے والی شوگرملز کی جائیداد قرق ہوگی:کین کمشنر
لاہور (خصوصی رپورٹ)کین کمشنر پنجاب نوید شہزاد مرزا نے صوبے کی آٹھ شوگر ملز کو کسانوں کی ادائیگیاں نہ کرنے پر ڈیفالٹر قرار دیتے ہوئے ان کی جائیداد قرق کرنے کا حکم دے دیا، اس حوالے سے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔نوٹس کے مطابق چنار شوگر ملز تاندلیانوالہ، طارق کارپوریشن شوگر ملز جڑانوالہ، تاندلیانوالہ ون اور تاندلیانوالہ ٹو شوگر ملز کی جائیداد قرق کی جائے گی۔ اسی طرح کشمیر شوگر ملز جھنگ اور اتفاق شوگر ملز بہاولپور سمیت دیگر شوگر ملز کو بھی ادائیگی نہ کرنے پر قرق کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔کین کمشنر پنجاب نے واضح کیا کہ ڈپٹی کمشنرز کسانوں کو ان کے واجبات کی ادائیگیاں یقینی بنائیں، بصورت دیگر شوگر ملز کی جائیداد قرق کر لی جائے گی۔