گرجا گھروں، مسیحی آبادیوںکی سکیورٹی بڑھا دی گئی

سکیورٹی پر 11 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات:ہونگے۔ آئی جی ڈاکٹر عثمان
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت صوبہ بھر کی سکیورٹی بڑھاتے ہوئے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور اہم مقامات کی سکیورٹی یقینی بنائیں۔آئی جی پنجاب نے گڈ فرائیڈے کے موقع پر گرجا گھروں اور مسیحی آبادیوں کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ایسٹر کے پروگراموں کی سکیورٹی کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اور دیگر مقامات کی سکیورٹی پر 11 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہونگے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی پی اوز سمیت سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی کہ جمعتہ المبارک کے موقع پر علاقائی مساجد کا دورہ کریں اورپولیس افسران نماز جمعہ کے بعد مساجد میں شہریوں کے مسائل سنیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ اسلام کی روح اور تعلیمات کے مطابق مساجد کو کمیونٹی سے رابطے کا مرکز بنایا جا رہا ہے۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ سینئر افسران مساجد کے ذریعے شہریوں کے گھر کی دہلیز پر ان کے مسائل سن کر حل کریں۔ شہریوں کو پولیس کی طرف سے دی جانے والی خدمات اور سہولیات سے بھی آگاہ کیا جائے۔