نبی کریم نے اپنی زندگی میں رواداری، برداشت کی شاندار مثالیں قائم کیں، نفرت اور تعصب کا زہر معاشروں کو کھوکھلا کر دیتا ہے
تعلیمی ادارے بھی نوجوان نسل کو برداشت، احترام اور محبت کے اصول سکھائیں:وزیر اعلی کا برداشت کے عالمی دن پر پیغام
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے نفرت اور تعصب کا زہرمعاشروں کو کھوکھلا کر دیتا ہے۔برداشت کے عالمی دن پیغام جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے نبی کریم نے اپنی زندگی میں رواداری، برداشت کی شاندار مثالیں قائم کیں، ہمیں ان پر عمل کرنا ہے، رواداری، احترام اور برداشت کامیاب اور پرامن معاشرے کی بنیاد ہے۔ دنیا مختلف عقائد، ثقافتوں اور نظریات کا امتزاج ہے سب کا احترام لازم ہے، قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں برداشت و ہم آہنگی کو فروغ دے رہے ہیں، تعلیمی ادارے بھی نوجوان نسل کو برداشت، احترام اور محبت کے اصول سکھائیں۔مریم نواز کا کہنا ہے کہ نفرت اور تعصب کا زہر معاشروں کو کھوکھلا کر دیتا ہے، ایسا معاشرہ ترجیح ہے جو ہر شہری کو مساوی مواقع اور حقوق فراہم کرے۔ اختلافات قبول کریں، ایک دوسرے کے لیے برداشت، عزت و احترام کو فروغ دیں، پاکستان کو امن، رواداری، اور بھائی چارے کی مثال بنانا ہوگا۔