لگتا ہے پنکی الیکشن جیت کر ایم این اے یا وزیر نہ بن جائے:سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی

لگتا ہے پنکی الیکشن جیت کر ایم این اے یا وزیر نہ بن جائے:سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی

پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ پنکی کہیں الیکشن جیت کر ایم این اے، وزیر یا مشیر نہ بن جائے، کیونکہ پاکستان کی سیاست کے بارے میں کچھ بھی کہنا ممکن نہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنکی کو میڈیا نے اتنی کوریج دی ہے کہ وہ ایک بڑی شخصیت بن گئی ہے، یہاں تک کہ بعض اوقات وزیراعظم کو بھی اتنی توجہ نہیں ملتی جتنی انہیں ملی۔مصطفیٰ قریشی نے سوال اٹھایا کہ پنکی کن لوگوں کے کہنے پر مبینہ طور پر جرائم میں ملوث رہی اور کس کے زیرِ اثر وہ طویل عرصے تک قانون کی گرفت سے بچی رہی، اس پر بھی سنجیدہ سوالات پیدا ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں پھولن دیوی ایک ڈاکو کے طور پر مشہور تھیں جنہوں نے بعد میں سیاست میں حصہ لیا اور کامیابی بھی حاصل کی، اسی طرح خدشہ ہے کہ پاکستان میں بھی کچھ بھی ہو سکتا ہے اور پنکی بھی کسی سیاسی منصب تک پہنچ جائے۔سینئر اداکار نے ملکی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات نے لوگوں کو ذہنی دباؤ میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاکستان کو سلامت رکھے اور عوام کو ریلیف نصیب ہو۔