بھارت، آن لائن شاپنگ کے دوران خاتون 98 ہزار کے فراڈ کا شکار

خاتون نے چار کرتیاں خریدیں اور خریداری کے وقت مکمل رقم آن لائن ادا کردی
 نامعلوم سائبر کرمنلز کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ ، تحقیقات شروع کر دی ہیں
نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی خاتون آن لائن خریداری کے دوران سائبر فراڈ کا شکار ہو گئیں اور صرف چار کرتیاں خریدنے کے پروسس میں 98 ہزار روپے کھو بیٹھی۔بھارتی میڈیارپورٹس کے مطابق پولیس  نے بتایا ہے کہ  متاثرہ خاتون نے مطلوبہ ویب سائٹ سے چار کرتیاں خریدیں اور خریداری کے وقت مکمل رقم آن لائن ادا کردی، لیکن چند دن بعد خاتون کے موبائل پر کالز آئیں جن میں کہا گیا کہ اس کی پچھلی ادائیگی مکمل نہیں ہوئی یا کوئی تکنیکی مسئلہ ہے، لہذا رقم دوبارہ جمع کروائیں اور اضافی ادائیگی ریفنڈ کے ذریعے واپس کر دی جائے گی۔خاتون نے ان کی بات پر بھروسہ کرتے ہوئے ریفنڈ کا عمل شروع کرنے کے لیے تقریبا ڈھائی ہزار روپے مزید ادا کردیے۔فون کال پرجو ہدایات دی گئی تھیں اس پر عمل کرنے کے بعد خاتون کے بینک اکائونٹ سے متعدد ٹرانزیکشنز ہونا شروع ہوگئیں اور کل 98 ہزار روپے کٹ گئے۔ رقم کے متعلق پیغامات موصول ہونے پر خاتون نے فوری طور پر پولیس سے رابطہ کیا۔ پولیس نے نامعلوم سائبر کرمنلز کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔