معاہدے کے تحت ایران کو فوری تیل فروخت کی اجازت دی جائے گی امریکی و برطانوی میڈیا

 تیل کی فروخت پر پابندیوں میں نرمی معاہدے پر دستخط ہوتے ہی نافذ ہو جائے گی،بینکنگ، ٹرانسپورٹ اور انشورنس جیسی ضروری خدمات بھی شامل ہوں گی
واشنگٹن (آئی این پی )امریکی  و برطانوی   میڈیا نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان   معاہدے کے تحت ایران کو فوری طور پر تیل اور ایندھن فروخت کرنے کی اجازت دی جائے گی،  معاہدے میں 300 ارب ڈالرکا نجی سرمایہ کاری فنڈ بھی شامل ہے۔ ایک  امریکی اخبار نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تیل کی فروخت پر پابندیوں میں نرمی معاہدے پر دستخط ہوتے ہی نافذ ہو جائے گی اور اس میں بینکنگ، ٹرانسپورٹ اور انشورنس جیسی ضروری خدمات بھی شامل ہوں گی جو تیل کی فروخت کے عمل کو ممکن بنانے کیلئے درکار ہیں۔اخبار کے مطابق ایک غیر منافع بخش تنظیم یونائیٹڈ اگینسٹ نیو کلیئر ایران نے کہا ہے کہ ایرانی خام تیل لے جانے والا سپر ٹینکر چاہ بہار بندرگاہ سے روانہ ہوا، امریکی ناکہ بندی عبور کی اور خلیج عمان سے باہر روانہ ہو گیا جبکہ اس کا لوکیشن ٹریکر فعال تھا، یہ اپریل میں امریکی ناکہ بندی کے آغاز کے بعد اس نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ایک سینیئر امریکی عہدیدار نے کہا کہ اگرچہ ایران کو تیل کی فروخت کیلئے فوری طور پر پابندیوں میں نرمی دی جائے گی تاہم مستقل ریلیف ایران کی جانب سے امریکی مطالبات پر عملدرآمد سے مشروط ہوگا، جن میں آبنائے ہرمز کو کھولنا اور جوہری پروگرام سے متعلق امور شامل ہیں