لاہور (کرائم رپورٹر) بھٹہ چوک کے علاقے میں ای چالان سے بچنے کے لیے موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ کی جگہ "کھوکھر" لکھوانے والے نوجوان عیلی کھوکھر کو ٹریفک پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ملزم نے سکیورٹی اداروں اور ای چالان سسٹم کو دھوکا دینے کے لیے سرکاری نمبر پلیٹ کی بجائے اپنا نام درج کر رکھا تھا۔ ملزم کے خلاف تھانہ جنوبی چھاؤنی میں مقدمہ درج کرکے اسے حوالات میں بند کر دیا گیا۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ ای چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس میں ردوبدل، بوگس یا فینسی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ مہم کے دوران بوگس نمبر پلیٹس لگانے پر 103 موٹر سائیکلوں اور لگڑری گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، جبکہ بغیر نمبر پلیٹ یا "اپلائیڈ فار" گاڑیوں کو 20 ہزار 823 چالان ٹکٹس جاری کیے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فینسی یا ایکسائز کے مقررہ نمونے کے مطابق نمبر پلیٹس نہ لگانے پر 38 ہزار 450 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جبکہ نمبر پلیٹس کو ٹیڑھا کرنے، توڑنے یا ماڈل چھپانے پر 10 ہزار 646 گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔ سی ٹی او نے کہا کہ بوگس نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جا رہے ہیں اور شہری گاڑی کی منتقلی کے بعد پرانے نمبر کی بجائے اپنا نیا یونیورسل نمبر استعمال کریں