9 مئی ،286 ملزموں کی جعلی ضمانت

 ضامن محمد علی 286 مقدمات میں ملزموں کی جعلی ضمانت دے چکا، جعلی ضامن کا پرانا ریکارڈ سامنے آیا

لاہور، اسلام آباد (خصوصی رپورٹ ) انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی مقدمات میں ضمانت کے بعد ٹرائل کے لئے پیش نہ ہونے پر ملزموں کی ضمانت دینے والوں کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی۔ تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں ملزموں کے جعلی ضامن کی خدمات لینے کا انکشاف ہوا۔طلب کرنے پر ملزم کا ضامن عدالت میں پیش نہیں ہوا. پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ ضامن محمد علی 286 مقدمات میں ملزموں کی جعلی ضمانت دے چکا۔ تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں ملزم کی جعلی ضمانت دی۔ شناختی کارڈ، موبائل فون کی وجہ سے جعلی ضامن کا پرانا ریکارڈ سامنے آیا۔ضامن نعمان علی طلب کرنے پر عدالت پیش ہوا اور کہا کہ ریکارڈ کے مطابق نعمان علی نے ملزم عثمان علی کی ضمانت دی ، میں نے کسی کی ضمانت نہیں دی،میرا شناختی کارڈ اور رجسٹری کی کاپی چوری ہوئی تھی۔ نہیں جانتا میرا نام ضمانت کے لئے کس نے استعمال  کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو حیران کن بات ہے، آپکو شو کاز نوٹس جاری کر رہے ہیں، یہ سارا جواب تحریری طور پر دیں، عدالت نے ضمانتوں کے خلاف کارروائی 7 فروری تک ملتوی کردی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے سماعت کی۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہائوس کے قریب چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے 4 مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما ایم پی اے حافظ فرحت عباس ، محمد احمد چٹھہ کی عبوری ضمانت پر سماعت ہوئی ،عدالت نے حافظ فرحت کی عبوری ضمانت میں 4 فروری تک توسیع کردی، عدالت نے محمد احمد چٹھہ کی عبوری ضمانت میں 7 فروری تک توسیع کردی، انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے سماعت کی۔عدالت نے حافظ فرحت عباس کو جناح ہائوس کیس میں شامل تفتیش ہونے کا آخری موقع دے دیا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے ڈی چوک میں احتجاج کے معاملہ پر درج 8مقدمات میں عمر ایوب کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔عدالت نے عمر ایوب کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 27 جنوری تک کیلئے ملتوی کردی۔لاہور ہائیکورٹ نے شیخ امتیاز کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے لیے درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا،جسٹس چودھری محمد اقبال نے صائمہ امتیاز کی درخواست پر سماعت کی،عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔