وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کے منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو بھی پاکستان میں لانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایم او یو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یہ منصوبہ سی پیک 2.0 کے تحت 3 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری لے کر آئے گا، جس سے پاکستان کی معیشت میں بڑا تحول آئے گا۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون سے ایک لاکھ سے زائد براہ راست اور بلاواسطہ ملازمتیں پیدا ہوں گی، اور اس منصوبے کے ذریعے مقامی آبادی کو اقتصادی طور پر بااختیار بنایا جائے گا، جبکہ مہارت کی ترقی اور تعلیم میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے خطے پر مثبت سماجی اور معاشی اثرات مرتب ہوں گے۔وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون ایک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تیار کیا جا رہا ہے، اور یہ سی پیک کے صنعتی تعاون کے مرحلے کا ایک اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے اس کی جغرافیائی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کی بندرگاہوں کے قریب واقع ہے اور تمام اہم راستوں سے جڑا ہوا ہے، جس سے علاقائی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ منصوبہ خاص طور پر جنوبی ایشیا میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنے والی چینی کمپنیوں کے لیے بھی منافع بخش ثابت ہوگا۔