جاں بحق ہونے والوں میں محمد حسین، محمد عثمان اور رائے شہزاد شامل، لاشیں مکمل طور پر جھلس چکی تھیں،ریسکیو اہلکاروں نے نعشوں کو ضلعی ہسپتال منتقل کیا
حافظ آباد(آئی این پی )پنجاب کے ضلع حافظ آباد میں ایک لرزہ خیز واقعہ میں نامعلوم افراد نے ایک کار پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور پھر جاں بحق افراد کو گاڑی سمیت جلا دیا۔پولیس کے مطابق واقعہ اسد اللہ پور کے قریب پیش آیا جہاں دشمنی کی بنیاد پر گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔جاں بحق ہونے والوں میں محمد حسین، محمد عثمان اور رائے شہزاد شامل ہیں، جن کی لاشیں مکمل طور پر جھلس چکی تھیں۔ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر جھلسی ہوئی نعشوں کو ضلعی اسپتال منتقل کیا۔ابتدائی تفتیش میں واقعے کو پرانی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے، تاہم پولیس ہر پہلو سے تحقیقات کر رہی ہے۔قاتل واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، تھانہ ونیکے تارڑ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔