اسلام آباد (ویب ڈیسک):اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو وفاقی دارالحکومت میں شادی ہالز اور مارکیوں کے خلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا ہے۔
یہ حکم جسٹس انعام امین منہاس نے غلام معین الحق گیلانی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کے دوران جاری کیا۔ عدالت نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ فریقین 15 روز کے اندر اپنے پیراوائز کمنٹس عدالت میں جمع کرائیں اور آئندہ سماعت تک ان کے خلاف کوئی کارروائی نہ کی جائے۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سی ڈی اے نے 16 اگست 2023 کو جو احکامات جاری کیے تھے، وہ متعلقہ قوانین میں ترمیم پر مبنی ہیں جو ان کے مؤکل کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 مئی 2025 تک ملتوی کر دی ہے۔