عمان(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی حکام اور یمن کے حوثی گروپ کے نمائندوں کے درمیان گزشتہ ہفتے کے اختتام پر عمان میں ایک خفیہ ملاقات ہوئی ہے۔عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس ملاقات سے واقف 5 ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ غیر اعلانیہ ملاقات عمان کے دارالحکومت مسقط میں امریکی سفارتخانے میں ہوئی۔رائٹرز سے گفتگو میں ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اس خفیہ ملاقات میں حوثی نمائندوں نے امریکی حکام کو بتایا کہ ان کا امریکی بحری جہازوں پر حملے کا کوئی ارادہ نہیں اور وہ امریکا کے ساتھ مئی 2025 میں طے پانے والی جنگ بندی کی پاسداری کے لیے پْرعزم ہیں۔ایک یمنی ذریعے نے بتایا کہ حوثیوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اسرائیلی بحری جہازوں یا دیگر تجارتی جہازوں کو بھی نشانہ نہیں بنائیں گے تاہم سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے بحری جہازوں کو اس یقین دہانی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔