جے یو آئی کا سندھ امن مارچ نواب شاہ پہنچ گیا ،کل کراچی جائے گا

 مارچ کا مقصد ڈاکوئوں، لاقانونیت اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہے
مولانا فضل الرحمن ، شرکا وزیراعلی ہائوس کے سامنے مطالبات پیش کریں گے 
نواب شاہ (آئی این پی )جمعیت علما اسلام (ف) کا سندھ امن مارچ قافلہ نواب شاہ سے ہوتا ہوا شیراز چوک قاضی احمد پہنچ گیا، جہاں شرکا کا کارکنان نے شاندار استقبال کیا۔ مارچ کی قیادت جمعیت کے صوبائی جنرل سیکریٹری مولانا ڈاکٹر راشد محمود سومرو کر رہے ہیں۔شیراز چوک پر قائم سچے پنڈال میں شرکا کی بڑی تعداد موجود تھی، جہاں نعرے بازی، جوش و جذبے اور والہانہ استقبال نے مارچ کا منظر مزید پرجوش بنا دیا۔ مولانا راشد محمود سومرو نے کارکنان کے نعروں کا ہاتھوں کی زنجیر بنا کر جواب دیا۔مارچ کے شرکا سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راشد محمود سومرو نے کہا کہ جمعیت علما اسلام شروع دن سے سندھ میں امن کے لئے  کوشاں ہے  میں نے اپنے والد کا جنازہ بھی اٹھایا تو امن کی بات کی۔انہوں نے کہا کہ سندھ امن مارچ کا مقصد صرف ڈاکوئوں، لاقانونیت اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہے، ہم کچے اور پکے کے ڈاکوئوں کے خلاف نکلے ہیں۔ سندھ میں عوام کی جان و مال محفوظ نہیں۔انہوں نے موجودہ سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اور ڈاکوئوں کا آپس میں گٹھ جوڑ ہے۔ یہ وہی ڈاکو ہیں جو الیکشن کے دن بیلٹ باکس  بھر کر انہیں جتواتے ہیں۔مولانا راشد محمود سومرو نے اعلان کیا کہ سندھ امن مارچ 18 ستمبر کو کراچی پہنچے گا، جہاں مولانا فضل الرحمن مارچ کی قیادت کریں گے، مارچ کے شرکا وزیراعلی ہائوس کے سامنے دھرنا دیں گے اور عوامی مطالبات پیش کریں گے۔