میانی صاحب قبرستان کے قریب کارروائی ،منشیات فروش گرفتار

ڈولفن سکواڈ نے سیالکوٹ پولیس کو مطلوب اے کیٹیگری کا اشتہاری پکڑ لیا
لاہور (کرائم رپورٹر )سول لائنز ڈویڑن پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لٹن روڈ کے علاقے میں اہم کامیابی حاصل کر لی۔ترجمان کے مطابق تھانہ لٹن روڈ پولیس نے دوران پٹرولنگ میانی صاحب قبرستان کے قریب کارروائی کر کے منشیات فروش اعجاز عرف اجی کو گرفتار کیا۔ملزم کے قبضے سے 1 کلو 340 گرام چرس برآمد ہوئی جو وہ قبرستان کے گرد و نواح میں سپلائی کرنے جا رہا تھا۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے ونگ انویسٹی گیشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی سول لائنز چودھری اثر علی کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری رہیں گی۔دریں اثنا ڈولفن سکواڈ نے کارروائی کرتے ہوئے سیالکوٹ پولیس کو مطلوب اے کیٹیگری کے اشتہاری کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق ڈولفن ٹیم نے غازی پارک کے علاقے میں ایک مشکوک شخص کو روک کر تفتیش کی تو وہ ڈکیتی کے مقدمہ میں مفرور نکلا۔ملزم شاہد علی کے خلاف تھانہ سبز پیر سیالکوٹ میں مقدمہ درج تھا اور وہ چار سال سے روپوش تھا۔ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ شاہدرہ ٹائون کے حوالے کر دیا گیا۔