4ماہ میں بیرون ملک دوروں پر 2 کروڑ ، ڈیلی الائونسزپر41 لاکھ سے زائدخرچ
سرکاری رہائش کے باوجود ہاؤس رینٹ الائونس کی مد میں 98 لاکھ روپے لییگئے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)وفاقی وزرا اور وزرائے مملکت نے رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ میں تنخواہوں ،الائونسز کی مد میں مجموعی طور پر 15 کروڑ 11 لاکھ 82 ہزار وصول کئے ہیں۔ بیرونِ ملک دوروں کے دوران سفری الائونس کی مد میں 2 کروڑ 9 لاکھ 82 ہزار جبکہ بیرون ممالک دوروں میں ڈیلی الائونس کی مد میں 41 لاکھ 49 ہزار روپے خرچ کئے گئے، یوں چار ماہ میں بیرونِ ملک دوروں پر مجموعی اخراجات 2 کروڑ 51 لاکھ روپے تک پہنچ گئے۔وفاقی وزرا نے کالونی، پارلیمنٹ لاجز اور ہاسٹل میں سرکاری رہائش کے باوجود 4ماہ میں ہاؤس رینٹ الائونس کی مد میں 98 لاکھ 54 ہزار روپے وصول کئے۔رواں مالی سال کے ان چار ماہ میں وزرا اور وزرائے مملکت نے بنیادی تنخواہ کی مد میں 9 کروڑ 41 لاکھ 74 ہزار روپے، ایڈہاک ریلیف الائونس کی مد میں 32 لاکھ 35 ہزار روپے، اندرونِ ملک سفری الائونس کی مد میں 1 کروڑ 22 لاکھ روپے، یوٹیلیٹی الائونس میں 36 لاکھ 27 ہزار ، ٹیلی کمیونیکیشن الائونس میں 35 ہزار اور موبائل فون الائونس کی مد میں 11 لاکھ 31 ہزار روپے وصول کئے ہیں ،مالی سال 2025-2026 میں تنخواہوں اور الائونسز کی مد میں مجموعی طور پر 50 کروڑ 54 لاکھ 73 ہزار مختص کئے گئے ہیں۔