سرگودھا: بیٹی کے کردار پر شک، شوہر نے بیوی اور 5 بچوں کو قتل کردیا

 ملزم نے خود کو بھی زخمی کرلیا‘شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل‘ بچوں کی عمریں ایک سے 16 سال کے درمیان ہیں
سرگودھا (آئی این پی )سرگودھا کے نواحی علاقے  بھاگٹانوالہ میں شوہر  نے مبینہ طور پر کلہاڑی کا وار کرکے بیوی سمیت 5  بچوں کو قتل کردیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم کو اپنی بیٹی کے کردار پر شک تھا جس کے پیش نظر ملزم نے مبینہ طور پر کلہاڑی کے وار سے  اپنے 4 بیٹے، ایک بیٹی اور بیوی کو قتل کردیا۔پولیس حکام کے مطابق واقعے  کے بعد ملزم نے خود کو بھی زخمی کرلیا جس کے بعد اسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ  ملزم شدید زخمی ہے اس کی حالت بہتر ہونے پر اس سے تفتیش کی جائے گی۔دوسری جانب  لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال پہنچا دی گئی ہیں جب کہ مقتول بچوں کی عمریں ایک سے 16 سال کے درمیان ہیں۔پولیس کے مطابق 5 بچوں اور بیوی کو قتل کرنیوالے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ ملزم کی بیوی کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ بھاگٹاں والا میں درج کیا گیا۔